سندھ نگران کابینہ

سندھ کی نگران کابینہ نے حلف اٹھا لیا،اراکین کو محکمے تفویض

ویب ڈیسک: سندھ کی 10 رکنی نگران کابینہ نے حلف اٹھا لیا، حلف برداری کی تقریب گورنر ہائوس سندھ میں نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کی موجودگی میں منعقد ہوئی جس میں چیف سیکرٹری، قائم مقام آئی جی، صوبائی سیکرٹریز اور دیگر نے شرکت کی۔ نگران کابینہ میں شامل اراکین میں بریگیڈیئر ریٹائر حارث نواز، یونس ڈھاگا، مبین جمانی، ایشور لعل، ارشد ولی محمد، ڈاکٹر جنید شاہ، عمر سومرو، ڈاکٹر سعد خالد نیاز، خدا بخش مری اور مسز رعنا حسین شامل ہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور نگران وزیراعلیٰ نے حلف اٹھانے پر نگران کابینہ کو مبارکباد دی۔ چیف سیکرٹری سندھ نے نگران کابینہ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور اس کےساتھ ہی نگران کابینہ اراکین کو محکمے تفویض کرنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا جس کے مطابق ایشور لعل محکمہ آبپاشی، بریگیڈئر (ر) حارث نواز محکمہ داخلہ اور جیل، مبین جمانی محکمہ بلدیات اور ٹاون پلاننگ سندھ، یونس ڈھاگا محکمہ فنانس، پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ اور ریونیو، ڈاکٹر سعد نیاز محکمہ صحت و بہبود آبادی، خدا بخش مری مائنز منرل، بیرسٹر عمر سومرو محکمہ قانون، مذہبی امور اور انسانی حقوق کے نگران وزیر ہوں گے۔ ڈاکٹر رعنا حسین محکمہ تعلیم اور ترقی نسواں وزیر ہونگی، ڈاکٹر جنید علئ شاہ یوتھ سپورٹس اور ثقافت کے نگران وزیر ہوں گے جبکہ ارشد ولی محمد کو سیاحت اور ماحولیات قلمدان سونپ دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  گوجرانوالہ، بجلی بل زیادہ آنے پر بھائی کے ہاتھوں بھائی قتل