پشاور متبادل نکاسی نظام

پشاور، متبادل نکاسی نظام کے لئے 10 کروڑ روپے فراہم

ویب ڈیسک: پشاور کی نہروں کو نکاسی کے پانی سے صاف کرنے کیلئے متبادل نظام پر کام دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ کئی ماہ تک تعطل کے بعد اب صوبائی حکومت نے اس منصوبے کیلئے 10 کروڑ روپے جاری کردیئے ہیں، جس کے بعد اس پر ٹھیکہ داروں کی جانب سے بھی کام شروع کر دیا جائیگا۔
پشاور ہائی کورٹ کی ہدایات کے بعد دو سال قبل پشاور سے گزرنے والی نہروں میں نکاسی کی نالیوں کیلئے متبادل نظام پر کام شروع کیا گیا تھا۔ اڑھائی ارب روپے کے اس منصوبے کیلئے وفاق سے بھی فنڈز فراہم کئے گئے ہیں جبکہ صوبائی حکومت بھی فنڈز فراہم کر رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت پشاور میں نکاسی کیلئے متبادل نالے بنائے جارہے ہیں جو بعدازاں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے منسلک کئے جائیں گے۔
صوبائی حکومت کو درپیش مالی بحران کے پیش نظر کئی دیگر منصوبوں کی طرح اس منصوبے کو بھی فنڈز کی فراہمی میں تعطل آگیا تھا اور اس پر کام سست روی کا شکار ہوگیا تھا۔ نگران حکومت نے 4 ماہ کے ترقیاتی پروگرام میں اس منصوبے کیلئے 10 کروڑ روپے مختص کئے ہیں اور اب حکومت نے مختص تمام رقم جاری کر دی ہے جس سے ٹھیکہ داروں کے بقایاجات بھی کلیئر ہوجائینگے اور مزید کام بھی شروع کر دیا جائیگا۔

مزید پڑھیں:  صنم جاوید اسلام آباد میں خیبر پختونخوا ہاؤس منتقل