صدر مملکت ٹویٹ

صدر مملکت ٹویٹ، بابر اعوان کا سپریم کورٹ سے ازخود نوٹس کا مطالبہ

ویب ڈیسک: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے کی جانیوالی ٹویٹ سے متعلق سینئر قانون دان بابر اعوان نے سپریم کورٹ سے ازخود نوٹس کا مطالبہ کر دیا۔ ان کے مطابق صدر مملکت کی ٹویٹ کی بات کریں تو صدر کے عہدہ کی پاکستان میں چار طرح کی حیثیت ہے، صدر سربراہ ریاست ہیں، پارلیمنٹ کا حصہ ہیں، آئی ایم ایف کے سارے ایگریمنٹ ان ہی کے نام پر ہوتے ہیں جبکہ صدر پاکستان کی آرمڈ فورسسز کے سپریم کمانڈر بھی ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدرِ پاکستان نے جو کہا ہے وہ معتبر بات ہے، یہ بڑا سنگین جرم ہوا ہے، جہاں آئینی عہدے کی حکم عدولی ہو جائے وہاں نتیجہ پھر آرٹیکل 6 نکلتا ہے، اس لئے صدر مملکت نے جو ٹویٹ کی، اس پر میں سپریم کورٹ سے درخواست کرتا ہوں کہ اس سلسلے میں ازخود نوٹس لے، آرٹیکل 186 بھی صدر کو اختیار دیتا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے سامنے سوال بھیجیں، انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی کی ٹویٹ پاکستان کی 76 ویں سال کی سب سے بڑی ٹویٹ ہے اس لئے ہم سپریم کورٹ سے یہی کہیں گے کہ معاملے کا ازخود نوٹس لیں۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کے محمد عثمان نے ورلڈ سٹرینتھ لفٹنگ چمپئن شپ میں تاریخ رقم کرلی