بٹگرام چیئر لفٹ آپریشن

آپریشن بٹگرام کامیابی سے مکمل، چیئر لفٹ میں پھنسے تمام افراد ریسکیو

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے شہر بٹگرام میں پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ میں پھنسے تمام 8 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک آرمی کی جانب سے چیئرلفٹ میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا، پاک فوج کا بٹگرام میں انتہائی پیچیدہ اور مشکل ریسکیو آپریشن کامیاب رہا، آپریشن کی قیادت جی او سی ایس ایس جی نے کی، آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم نے 600 فٹ بلندی پر چیئر لفٹ میں پھنسے افراد کو بحفاظت ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا. آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی خصوصی ہدایت پر آرمی ایوی ایشن اور ایس ایس جی کی باصلاحیت ٹیم نے ریسکیو آپریشن کا تیزی سے آغاز کیا، بعد ازاں پاک فوج کی سپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم اور پاکستان ائیر فورس کا ہیلی کاپٹر بھی آپریشن کا حصہ بنے، آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم کو آرمی ایوی ایشن نے مکمل تکنیکی مدد فراہم کی جس کے باعث آپریشن کی کامیابی ممکن ہو سکی، آپریشن کے دوران پاک فوج اور پاک فضائیہ کے پائلٹس نے بے مثال مہارت اورکارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ریسکیو آپریشن کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے میں لوکل کیبل ایکسپرٹس کی بھی خدمات حاصل کی گئیں، اس آپریشن میں سول انتظامیہ اور لوکلز نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ایک انتہائی مشکل اور کھٹن آپریشن تھا، پاک فوج اور پاک فضائیہ کے ہیلی کاپٹرز نے بروقت جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی آپریشن کا آغاز کیا اور پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم، پاک فضائیہ، لوکل انتظامیہ اور کیبل ایکسپرٹس کی مدد سے پاکستانی تاریخ کے اس منفرد آپریشن کو سرانجام دے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق افواجِ پاکستان نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں عوام کی آواز پر لبیک کہا ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہیں اور رہیں گی۔
یاد رہے کہ پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ کی رسی ٹوٹ جانے سے سکول کے بچوں سمیت 8 افراد 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئےتھے جنہیں بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ دوسری جانب بٹگرام کے علاقے آلائی میں چیئر لفٹ میں 8 پھنسے افراد میں اکثر کی حالت غیر ہو گئی تھی۔
مذکورہ چیئر لفٹ مقامی افراد روزمرہ استعمال کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ چیئر لفٹ کی رسی ٹوٹ جانے سے پیش آنے والا یہ حادثہ آج صبح سات بجے اس وقت پیش آیا جب طلبہ اور اساتذہ اس میں سوار ہو کر اپنی منزل کی جانب جا رہے تھے اچانک درمیان میں لفٹ کی رسی ٹوٹنے کے باعث چیئر لفٹ پھنس گئی تھی۔

مزید پڑھیں:  بنوں میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کی نماز جنازہ ادا