کراچی: اداکار شان شاہد نے مہوش حیات کی جانب سے صرف لڑکیوں کی تعلیم کے حق میں آواز اٹھانے پر کہا ہے کہ اگر لڑکے کو بھی پڑھائیں تو سب آگے جائیں گے۔
اداکارہ مہوش حیات کو چند روز قبل ہی حکومت پاکستان کی جانب سے لڑکیوں کے حقوق کا خیرسگالی سفیر بنایا گیا ہے جس کے بعد انہوں نے متعدد ویڈیوز جاری کیں جن میں انہوں نے لڑکیوں کے حقوق کے لیے نہ صرف آواز بلند کی بلکہ دوسروں کو بھی لڑکیوں سے مشقت کروانے کے خلاف اُٹھ کھڑا ہونے کا کہا۔
مہوش حیات نے ٹویٹر پر اپنی ایک ویڈیو میں کہا تھا کہ ایک لڑکی جب پڑھے گی تو اپنے پیروں پر کھڑی ہوگی، ایک لڑکی جب پڑھے گی تو خود مختار بنے گی، ایک سمجھ دار ماں بنے گی، صرف اپنی ہی نہیں بلکہ پورے گھرانے کی زندگی بدلے گی۔