غیر قانونی کرنسی ڈیلرز

غیر قانونی کرنسی ڈیلرز کیخلاف ایف آئی اے کی کارروائی، ملزم گرفتار

ویب ڈیسک: غیر قانونی کرنسی ایکسچینجرز اور حوالہ ہنڈی کا کاروبار کرنے والوں کیخلاف ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ اس کے قبضے سے 15 لاکھ روپے بھی برآمد کر لئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سرکل پشاور افضل خان نیازی کی ہدایت پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث ملزم اسرائیل خان کو پشاور سے گرفتار کر لیا گیا جو بغیر لائسنس کے منی چینجر اور حوالہ ہنڈی کا کاروبار کر رہا تھا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق چھاپے کے دوران ملزم سے 15 لاکھ روپے برآمد کر لئے گئے۔ دوران تفتیش ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا، چھاپہ کے دوران ملزم سے غیر قانونی کرنسی اور ہنڈی حوالہ سے متعلق متعدد رسیدیں بھی برآمد کر لی گئیں۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  صوابی میں فائرنگ سے میاں بیوی قتل ،بیٹا زخمی ،بیٹی اغواء