بجلی کا یونٹ 5 روپے مہنگا

صارفین کو بجلی کا ایک اور جھٹکا، یونٹ 5 روپے 40 پیسے مزید مہنگا

بجلی کی قیمت میں مزید 5 روپے 40 پیسے اضافہ سے صارفین پر 144 ارب 69 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، اضافے کا اطلاق لائف لائن کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔
ویب ڈیسک: مہنگائی کے ستائے عوام کو بجلی کا ایک اور جھٹکا، نیپرا نے بجلی 5 روپے 40 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی۔ نیپرا میں سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ڈسکوز کی جانب سے بجلی 5 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں بجلی کی قیمت سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت 5 روپے 40 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ نیپرا کی جانب سے حالیہ اضافہ 23-2022 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، بجلی فی یونٹ میں اضافہ کا تفصیلی فیصلہ نیپرا بعد میں جاری کرے گا۔ مہنگائی کےستائے عوام دیگر مسائل سے ابھی سنبھلے بھی نہ تھے کہ انہیں بجلی کا ایک اور جھٹکا دیا گیا۔ نیپرا فیصلے کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق لائف لائن کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔ نیپرا کے مطابق اس حوالے سے تحریری و تفصیلی فیصلہ تمام امور کے جائزے کے بعد جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں آج سرکاری تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں قیمتوں میں اضافے کی درخواست کی گئی تھی۔ ان درخواستوں کی منظوری کی صورت میں بجلی کی قیمت میں اضافے سے صارفین پر 144 ارب 69 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ بجلی کی قیمت میں مسلسل اضافے سے نہ صرف شہری ذہنی اذیت کا شکار بن رہے ہیں بلکہ تاجر برادری بھی اس سلسلے میں حکومتی پالیسی سے نالاں ہے۔

مزید پڑھیں:  پاکستان میں مہنگائی کی شرح زیادہ رہے گی ،ایشیائی ترقیاتی بنک