صدر عام انتخابات

عام انتخابات کا انعقاد، ایوان صدر میں چیف الیکشن کمشنر طلب

ویب ڈیسک: عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کیلئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر کو طلب کر لیا۔ صدر مملکت نے ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کے فیصلے کے لیے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو خط لکھ دیا جس میں انہیں آج یا کل ملاقات کی دعوت دی گئی ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت نے 9 اگست کو وزیراعظم کے مشورے پر قومی اسمبلی کو تحلیل کیا، صدر آئین کے آرٹیکل 48 (5) کے تحت اسمبلی کے عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تحلیل کی تاریخ کے 90 دن میں تاریخ مقرر کرنے کے پابند ہیں اور الیکشن کی تاریخ اسمبلیوں کی تحلیل کی تاریخ سے 90 دن سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے۔
صدر مملکت کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو آج یا کل صدر کے ساتھ ملاقات کے لیے مدعو کیا جاتا ہے تاکہ عام انتخابات کے لیے مناسب تاریخ طے کی جا سکے۔

مزید پڑھیں:  ٹانک میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق