خیبرپختونخوا فائرنگ

پشاور، الحاج آصف صراف اور انکے سالے کی لاشیں برآمد

ویب ڈیسک: پشاور کے پوش علاقہ گلبہار کے رہائشی الحاج آصف صراف اور ان کے سالے کی لاشیں پولیس نے برآمد کر لیں جو گزشتہ روز سے لاپتہ ہو گئے تھے، پولیس ذرائع کے مطابق دونوں لاشیں ایل ار ایچ کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی سے ملیں جو سٹارٹ حالت میں تھی، پولیس نے بتایا کہ آصف صراف سالے سمیت دو دنوں سے لاپتہ تھے جس کے بارے میں رپورٹ صراف الحاج آصف کے بھائی وسیع اللہ نے گلبہار چوکی میں 23 اگست کو درج کرائی تھی، اس رپورٹ پر پولیس نے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے انکوائری شروع کر دی جس میں اہم شواہد سامنے آ رہے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق الحاج آصف صراف اور ان کے سالے کی لاشیں ایل آر ایچ کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی سے ملیں جو سٹارٹ تھی۔ پولیس نے دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔ واقعے کی اصل وجوہات معلوم کرنے کیلئے ایس پی سٹی عبدالسلام خالد کی سربراہی میں خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی۔
ابتدائی طور پر ایل آر ایچ ہسپتال کے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر اہم شواہد کی روشنی میں جامع تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ مختلف مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز بھی حاصل کی جارہی ہیں۔ خصوصی ٹیم متوفی صراف کا موبائل ڈیٹا اور آخری لوکیشن چیک کرنے سمیت مختلف پہلو پر تفتیش کر رہی ہے۔
دوسری جانب لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان نے کہا ہے کہ مذکورہ لاشیں ایل آر ایچ نہیں بلکہ ایف سی/ بالا حصار پارکنگ سے برآمد ہوئی ہیں، ایل آر ایچ سے اس کا کوئی تعلق نہیں، مزکورہ پارکنگ بالا حصار انتظامیہ کے پاس ہے۔

مزید پڑھیں:  بنوں میں چیک پوسٹ پر فائرنگ،پولیس اہلکار محفوظ رہے