ڈاکو راج کنٹرول نہ کیا گیا تو لانگ مارچ کریں گے، سراج الحق

ویب ڈیسک: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے مہنگائی اور ڈاکو راج کنٹرول نہ کیا تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔ شکار پور میں خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پورے پاکستان میں مہنگائی عروج پر ہے، غریب عوام کا جینا حرام ہوگیا، بجلی، گیس اور کھانے پینے کی اشیاء کے دام بڑھ گئے ہیں، میں جب وزیر خزانہ تھا تب میں نے اپنی اور وزراء کی تنخواہ کم کی تھی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ پورے سندھ میں اس وقت اغواء برائے تاوان، ڈکیتیاں اور لوٹ مار عروج پر ہے، پیپلزپارٹی کی 15 سالہ حکومت میں کوئی بھی اچھی کارکردگی نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مہنگائی اتنی کی کہ غریب عوام ایک وقت کی روٹی بھی مشکل سے کھا سکتے ہیں، کھانے کی اشیاء بھی ڈبل مہنگی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ حکومت نے مہنگائی اور ڈاکو راج پر کنٹرول نہ کیا تو ہم اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ نگران حکومت 90 روز میں الیکشن کرا کے اقتدار منتخب نمائندوں کے حوالے کرے، آئین کی بالا دستی کے قیام کی جدوجہد میں وکلاء برادری کے تعاون کے طلب گار ہیں۔

مزید پڑھیں:  پیپلزپارٹی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں، مراد علی شاہ