سائفر کیس درخواست ضمانت

سائفر کیس، چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی

ویب ڈیسک: سائفر کیس میں گرفتار چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر ان کیمرہ سماعت سپیشل سیکریٹ کورٹ کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان اور سلمان صفدر نے درخواست ضمانت پر دلائل دیئے۔ سلمان صفدر کا کہنا تھا چیرمین پی ٹی آئی کے وکلاء کے لیے اٹک جیل میں رکاوٹ پیدا نہ کی جائے، ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء کی جانب سے درخواست ضمانت پر دلائل سننے کی استدعا کی گئی جبکہ سپیشل پراسیکیوٹر ایف آئی اے کی جانب سے آج چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر دلائل سننے کی مخالفت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق سپیشل پراسیکیوٹر ایف آئی اے نے پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواستوں پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کی جائے۔ ذرائع کے مطابق فریقین کے دلائل سننے کے بعد سپیشل سیکریٹ کورٹ کے جج نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

مزید پڑھیں:  سپریم کورٹ کے فیصلے کو جزوی تسلیم ،اپیل دائر نہیں کرینگے،فضل الرحمن