ایشیاء کپ 2023

ایشیاء کپ 2023، پاکستان اور بھارت کا میچ بارش کی نذر

ویب ڈیسک: پالی کیلے میں کھیلا جانیوالا ایشیاء کپ 2023 کا اہم ترین میچ بارش کی نذر ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے مابین میچ کا شائقین کو شدت سے انتظار تھا، میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیتنے کیلئے 267 رنز کا ہدف دیا لیکن جب پاکستانی اننگز شروع ہونے کا وقت آیا تو بارش شروع ہو گئی جس کے باعث میچ تاخیر کا شکار ہوگیا اور اس کے بعد پاکستان اپنی اننگز شروع نہیں کرسکا جس پر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیکر میچ ڈرا قرار دیدیا گیا۔ یاد رہے کہ میچ شروع ہونے سے قبل بھی بارش ہوئی تھی جس کے سبب میچ تاخیر کا شکار ہوا تھا۔ اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 266 رنز بنا رکھے تھے۔
سری لنکا کے شہر پالی کیلے میں کھیلے جانیوالے ایشیاء کپ 2023 کے ہائی وولٹیج میچ میں پاکستانی پیس بیٹری چارج، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کے ساتھ ساتھ حارث رئوف کا جادو بھی چل گیا۔ بیٹنگ شروع کرتے ہی بھارتی بیٹنگ لائن چارج قومی پیس بیٹری کے سامنے کھل کر کھِیل نہ سکی۔ بھارتی اوپننگ جوڑی ٹیم کو صرف 15 رنز کا آغاز ہی فراہم کر سکی۔ ٹیم کے سب سے پہلے آوٹ ہونے والے اوپنر روہت شرما تھے جن کی وکٹ 5ویں اوور کی آخری گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں آئی، انہوں نے 11 رنز بنائے تھے، دوسری وکٹ کیلئے پاکستانی ٹیم کو 12 رنز کا مزید انتظار کرنا پڑا، سورمائوں کی دوسری وکٹ 27 کے مجموعی سکور پر ویرات کوہلی کی گری، پاکستانی ٹیم کو یہ اہم کامیابی بھی شاہین شاہ آفریدی نے دلائی، کوہلی کھیل کے ساتویں اوور میں صرف 4 رنز پر شاہین شاہ آفریدی کےہاتھوں بولڈ ہوئے۔
بھارت کی تیسری وکٹ 48 کے مجموعی سکور پر گری، اس موقع پر آوٹ ہونے والے شریاس آئر تھے جو کھیل کے دسویں اوور میں 14 رنز پر حارث رئوف کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے۔ بھارتی ٹیم کے چوتھے آوٹ ہونے والے کھلاڑی شبمن گل تھے، جن کی وکٹ 66 کے مجموعی سکور پر حارث روف کے ہاتھ لگی، یاد رہے کہ شبمن گل اوپننگ کرتے ہوئے روہت شرما کیساتھ کریز پر آئے تھے۔
پانچویں بھارتی وکٹ کیلئے ایشان کشن اور ہردیک پانڈیا کے مابین لمبی شراکت داری قائم ہوئی اور اسی پارٹنرشپ کی بدولت بھارتی ٹیم ڈبل سنچری سکور کرنے میں کامیاب رہی، پانچویں وکٹ ایشان کشن کی 38ویں اوور 82 انفرادی رنز پر گری، ایشان پاکستانی پیسر حارث روف کی گیند پر کپتان بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے۔ ہردیک پانڈیا چھٹے آئوٹ ہونے والے بھارتی بلے باز تھے جو 87 رنز پر شاہین آفریدی کا شکار بنے، ان کو آغا سلمان نے کیچ آئوٹ کیا۔
پویلین لوٹنے والے ساتویں بھارتی بلے باز روندرا جدیجا تھے جنہوں نے 14 رنز بنا رکھے تھے، شاہین آفریدی کی گیند جدیجا کو چھوتی ہوئی سیدھی وکٹ کیپر محمد رضوان کے گلوز میں جا پھنسی۔ شردل ٹھاکر کو 3 رنز بنا کر نسیم شاہ نے واپسی کی راہ دکھائی، نویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی کلدیپ یادیو تھے جنہوں نے 4 رنز بنا رکھے تھے، ان کو بھی نسیم شاہ نے آئوٹ کیا جبکہ ٹیم کے آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی جسپریت بمرا تھے، 16 رنز بنانے پر ان کی وکٹ بھی نسیم شاہ کی جھولی میں جا گری۔ یوں پوری بھارتی ٹیم 266 رنز پر آوٹ ہو گئی، شاہین شاہ آفریدی نے 4 شکار کئے جبکہ حارث روف اور نسیم شاہ نے تین تین کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی کا ایڈہاک ججزلانے کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل جانےکااعلان