محکمہ خوراک کی کارروائی، مردہ مرغیوں کے سپلائر گرفتار

ویب ڈیسک: محکمہ خوراک نے مردہ مرغیوں کو شہر بھر میں سپلائی کرنے والے 3 سپلائرز کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا۔ سیکرٹری محکمہ خوراک محمد عابد خان وزیر اور محکمہ کے دیگر افسران کی ہدایت پر اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ اور کمال احمد نے شامی روڈ پر سپیر سنگ مارکیٹ نزد گورنمنٹ پریس میں کارروائی کرتے ہوئے ڈاٹسن سے 410 مردہ مرغیاں برآمد کرلیں جس پر تینوں سپلائرز کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا گیا۔ سپلائرز کی جانب سے ڈاٹسن میں نیچے زندہ اور اوپر مردہ مرغیاں رکھی گئی تھیں جس کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔ محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام اور ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد نے کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
راشننگ فوڈ کنٹرولر جمشید آفریدی نے کہا کہ شہریوں کو معیاری و صاف ستھری اشیائے خوردونوش کی فراہمی محکمہ خوراک کی اولین ترجیح ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ مرتکب افراد کے خلاف فوڈ ایکٹ کے تحت سخت سے سخت قانونی کارروائی کرنے سمیت جیل بھیجا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  مہنگائی کاشکار عوام کیلئےبری خبر، بجلی قیمت مزید بڑھنے کا امکان