بجلی چوروں اور نادہندگان

بجلی چوروں اور نادہندگان سے سختی سے نمٹا جائے گا، انوار الحق کاکڑ

ویب ڈیسک: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بجلی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کہا کہ بجلی چوروں اور نادہندگان سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ نگران وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں متعلقہ محکموں نے بجلی کی مجموعی پیداواری استعداد، سالانہ پیداوار و ترسیل اور اس کے لئے استعمال وغیرہ کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ حکومت بجلی چوروں کے خلاف بھرپور ایکشن لے گی اور نادہندگان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، انہوں نے ہدایت کی کہ بجلی واجبات کے نادہندگان کے خلاف صوبوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر فوری طور پر کارروائی شروع کی جائے اور حکومت بجلی کے شعبے کا گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیداوار کیلیے قابل تجدید اور ہائیڈل ذرائع کو ترجیح دی جائے، تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات میں کمی کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں، ٹرانسفارمر میٹرنگ کے منصوبے کے اطلاق کیلئے جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کوئلے سے بجلی بنانے کے منصوبوں میں مہنگے درآمدی کوئلے کی بجائے مقامی کوئلے کو ترجیح دی جائے۔ 2400 میگاواٹ کے شمسی توانائی کے منصوبوں کی تعمیر پر جلد سے جلد شفاف انداز میں کام شروع کیا جائے۔
دوسری جانب ملکی معاشی صورتحال کے بارے میں نگران وزیراعظم سے نگران وزیر خزانہ شمشار اختر نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ڈاکٹر شمشاد اختر نے وزیراعظم کو موجودہ ملکی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔ نگران وزیراعظم نے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے مؤثر حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں:  غزہ میں اسرائیلی بمباری سے مزید 50 فلسطینی شہید