اعظم سواتی اور مراد سعید کے مقدمات کی تفصیلات طلب

ویب ڈیسک: پی ٹی آئِی کے رہنماوں اعظم سواتی اور مراد سعید کے مقدمات کی تفصیلات طلب کرنے کیلئے دائر کی جانیوالی درخواست پر سماعت جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس صاحبزدہ اسداللہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ دوران سماعت عدالت نے اعظم سواتی کے خلاف مقدمات کی تفصیل طلب کر لی، قاضی انور ایڈوکیٹ نے اس موقع پر عدالت کے روبرو کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید کے خلاف جو مقدمات ہیں ان کی تفصیلات ہمیں فراہم کی جائیں۔ ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ اعظم سواتی اور مراد سعید کا نہ وکالت نامہ ہے نہ مختیار نامہ، یہ کیسے ان کے لئے کیسز کرسکتے ہیں۔ اس پر سینئر وکیل قاضی انور ایڈووکیٹ نے کہا کہ اعظم سواتی کا وکالت نامہ 26 جون کو جمع کیا ہے۔
جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ایڈوکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ آپ کیوں ان کو تفصیل فراہم نہیں کررہے? کسی کے خلاف کیسز ہوں تو ان کو اس کی تفصیل فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزہد کہا کہ ان چیزوں کو مزید گھمبیر نہ بنائیں، کسی کے خلاف مقدمات ہوں تو ان کو تفصیل فراہم کیا کریں۔
جسٹس صاحبزادہ اسداللہ نے کہا کہ لوگ اس لئے مقدمات کی تفصیلات مانگ رہے ہیں کہ آپ لوگوں نے اس ضرورت کو زیادہ کیا ہے۔ عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے اعظم سواتی کے خلاف مقدمات کی تفصیل طلب کرتے ہوئے سماعت 14 ستمبر تک ملتوی کردی۔

مزید پڑھیں:  جسمانی ریمانڈ کیخلاف عمران خان کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر