ویب ڈیسک: نگران حکومت کی جانب سے حالیہ پیٹرول قیمتوں میں اضافہ کیخلاف ملک بھر کی طرح صوبہ خیبرپختونخوا کے عوام بھی سراپا احتجاج ہیں۔ دیر بالا، رستم، بنوں سمیت کئی اضلاع میں عوام نے پیٹرول قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا۔ ضلع دیر بالا میں عوام نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پرشدید رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کیساتھ سراسر ظلم اور بربریت ہے، دیر بالا کے ٹرانسپورٹرز نے پہیہ جام ہڑتال کی دھمکی دے دی، عوام نے کہا ہے کہ اس مہنگائی کے دور میں پیٹرول قیمتوں میں اضافہ عوام کے مسائل مزید بڑھا رہا ہے جو پہلے ہی مشکلات کی چکی میں پس رہے ہیں ، غریبوں کا گاڑی میں سفر کرنا محال ہو گیا۔ دیر بالا کے عوام نے حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آئے روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے۔ اس حالیہ اضافے سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت غریب کش پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ نگران حکومت کو چاہئے کہ کرپٹ حکمرانوں سے لوٹا ہوا پیسہ واپس لانے کیلئے اقدامات کرے۔
ضلع رستم میں بھی عوام میں پیٹرول قیمتوں میں اضافہ پر شدید غصہ پایا جاتا ہے، ان کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ افسوسناک ہے۔ عوام نے کہا کہ شدید مہنگائی اور بجلی بلوں میں ناروا ٹیکسز کی وجہ سے غریب عوام پہلے ہی شدید متاثر ہیں رہی سہی کسر حالیہ پیٹرول قیمتوں میں اضافہ نے پوری کر دی۔ عوام نے حکومت سے فیصلے پر نظرثانی کرکے پیٹرول قیمتوں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
ضلع بنوں کے شہریوں نے کہا کہ عوام رزق کیلئے پہلے ہی ترس رہے ہیں۔ آٹا، چینی، گھی سب کچھ مہنگا ہوگیا ہے، ان حالات میں پیٹرول مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی اضافہ ہونے کا احتمال ہے۔ بنوں کے عوام نے نگران حکومت سے فوری ملک میں عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کر دیا۔
یاد رہے کہ پیہٹرول قیمتیں بڑھنے سے زیادہ تر پمپ خالی پڑ گئے ہیں، اس مہنگائی کے دور میں پیٹرول کی قیمتیں بڑھنا کسی عذاب سے کم نہیں عوام نے حکومت سے فوری اصلاح الحوال کا مطالبہ کیا ہے۔
