پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے ساتھ ہی آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی کرایوں میں اضافے کے مطالبات کرتے ہوئے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئَے کمر کس لی گئی، ان کی جانب سے پہلے علامتی سٹرائیک کی گئی جبکہ اب پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بند کر دی گئی۔
ویب ڈیسک: آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بند کردی ہے، ذرائع کے مطابق آئل ٹینکرز مالکان نے مختلف شہروں میں پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بند کردی جبکہ عدم فراہمی پر پیٹرول کی قلت پیدا ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ٹینکرز ایسوسی ایشن کے مطابق آزاد کشمیر، ہزارہ ڈویژن، اٹک اور گلگت بلتستان کو پیٹرول کی سپلائی بند رہے گی، راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بند کردی گئی ہے۔
دوسری جانب آئل ٹینکرز مالکان کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ وائٹ آئل پائپ لائن پر چلنے والی ٹرانسپورٹ کا حصہ 65 فیصد کیا جائے، کرایہ جات میں اضافہ کیا جائے، پرانی گاڑیوں کو بحال کیا جائے۔
لوکل 100 فیصد اور اوور لوڈنگ ٹرپ کی قیمت 50 فیصد بڑھائی جائے، مطالبات کی عدم منظوری تک پیٹرول کی سپلائی معطل رہے گی۔ یاد رہے کہ قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے پیش نظر گزشتہ روز صبح سے آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کے اعلان کے بعد صارفین کو پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا سامنا ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) نے پہلے ہی وزارت تیل کو آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے پیش نظر تیل کی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں کے بارے میں خبردار کر دیا تھا۔
