ویب ڈیسک: ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے تیاریوں میں تیزی ہر گزرتے دن کیساتھ آتی جا رہی ہے، اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے کام تیز کرتے ہوئے ووٹرز لسٹوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ووٹرز لسٹوں کی تفصیلات میں 2018 سے 2023 تک کے ووٹرز کی تعداد میں اضافہ دکھایا گیا ہے.
الیکشن کمیشن کے مطابق 2018 میں ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 تھی جبکہ 2023 میں یہ تعداد 12 کروڑ سے متجاوز ہو چکی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹرز کے اعدادو شمار کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ، 69 لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جن میں خواتین ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 84 لاکھ 72 ہزار 14 جبکہ مرد ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 85 لاکھ 8 ہزار 258 ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 2018 میں ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 تھی جس میں حالیہ معلومات کے مطابق 2 کروڑ کا اضافہ ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب میں ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 23 لاکھ 10 ہزار 582، سندھ میں 2 کروڑ 66 لاکھ 51 ہزار 161، بلوچستان میں کل ووٹرز کی تعداد 52 لاکھ 84 ہزار 594، اسلام آباد میں ووٹرز کی تعداد 10 لاکھ 41 ہزار 554 جبکہ خیبر پختونخوا میں ووٹرز کی کل تعداد 2 کروڑ 16 لاکھ 92 ہزار 381 ہے۔
