انتخابات میں کامیابی عوام ہی کی ہوگی، نواز شریف

ویب ڈیسک: پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ملک کو ڈیفالٹ سے نہ بچاتی تو آج پیٹرول ایک ہزار روپے لیٹر ہوتا۔ پارٹی کے مشاورتی اجلاس سے ویڈیولنک خطاب میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کو تباہی کی حالت پر پہنچانے والے سب سے بڑے مجرم ہیں، 70 سال میں اتنا بڑا جرم کسی نے نہیں کیا ہوگا کہ ملک کو ڈیفالٹ کے کنارے کھڑا کردیا گیا، ہم نے اپنا سیاسی سرمایہ داؤ پر لگا کرپاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی زخمی پڑا ہو تو کیا اسے نہیں بچانا چاہیے؟ اسی طرح ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کی قیمت ہم نے ادا کی ہے، پاکستان کے درد کی خاطر ہم نے خلوص سے یہ قربانی دی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں لکھ کر دیتا ہوں، انتخابات میں کامیاب بھی آپ ہی ہوں گے، میں نے پہلے بھی معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑا تھا، اب بھی اللہ تعالیٰ پر چھوڑا ہے، اللہ تعالیٰ آپ کویہ صلہ کامیابیوں کی صورت میں دے گا
انہوں نے کہا کہ ہمیں انتقام کی کوئی خواہش نہیں، کسی بدلے کی تمنا نہیں ہے، ان مجرموں کو چھوڑنا بہت بڑا ظلم ہوگا، یہ لوگ قابلِ معافی نہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ عوام کا مقدر تاریک کرنے والے قتل کے مجرم سے بڑے مجرم ہیں، خود احتسابی کا پیغام ملک کے کونے کونے میں پہنچائیں، آنے والے وقت کو ملک کیلئے اچھا دیکھ رہا ہوں، پاکستان کو یہ برے دن دکھانے والوں کا احتساب ضرور ہوگا۔

مزید دیکھیں :   مسافر بردار گاڑیوں کے کرایوں میں اضافہ، لڑائی جھگڑے معمول