نواز شریف کی سزا کالعدم قرار دی جائے، رانا ثناء اللہ

ویب ڈیسک: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ یہ آئین اور قانون کا تقاضا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا کو کالعدم قرار دیا جائے۔ سابق وزیر داخلہ نے کہاکہ نواز شریف کو سزا سنانے والے بینچ کی تشکیل غلط تھی، غیر آئینی و غیر اخلاقی طریقے اپنائے گئے، ہم توقع رکھتے ہیں کہ چیف جسٹس آئین و قانون کا بول بالا کرتے ہوئے اس قسم کی سزاؤں کو کالعدم قرار دیں گے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پہلے بھی بحرانوں میں قوم نے مسلم لیگ ن کی قیادت پر اعتماد کیا ہے، نواز شریف کی قیادت اور مسلم لیگ ن نے ملک کو لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کے کٹھن امتحانوں سے نکالا، 2017ء میں ڈالر 104 روپے، پٹرول 65 روپے لیٹر اور مہنگائی دو سے اڑھائی فیصد کے درمیان تھی۔ 2018ء سے آگے ملک دلدل اور بحران میں ایسا پھنسا کہ آج تک سنبھلنے کا راستہ نہیں مل رہا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی فاشست حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کے کنارے پر کھڑا کیا جبکہ انہی کے 18 اراکین نے جمہوری عمل کا ساتھ دیا۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو کھل کر موقع تو نگران حکومت نے دینا ہے، نگران حکومت ان کو لیول پلیئنگ فیلڈ دے، ہم چاہتے ہیں الیکشن صاف و شفاف اور آئین کے مطابق ہونے چاہئیں۔

مزید دیکھیں :   وارم اپ میچ، پاکستان کو چھو کر کامیابی کیویز کی جھولی میں جا گری