پشاور، توانائی کے منصوبوں کیلئے فنڈنگ کی مشروط منظوری

ویب ڈیسک: نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت ہائیڈل ڈویلپمنٹ فنڈ بورڈ کا 17 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے علاوہ دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں مالی سال 24-2023 کے دوران توانائی کے منصوبوں کے لیے فنڈنگ کی مشروط منظوری دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو صوبائی ٹرانسمشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کو فوری طور پر فعال بنانے کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کر دی۔ نگران وزیراعلیِ محمد اعظم خان نے کہا کہ کمپنی کو فعال بنانے کے لیے فوری طور پر سی ای او کی تعیناتی عمل میں لائی جائے، بجلی کی ترسیل کیلئے صوبائی حکومت کی اپنی ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کا قیام احسن اقدام ہے۔ نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پیڈو کے تحت مکمل ہونے والے پن بجلی گھروں کو بھی جلد فعال بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں، اس کمپنی کو فعال بنانے سے صوبے کا واپڈا پر انحصار کم ہو جائے گا۔
نگران وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ اس مقصد کے لئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل بیٹھ کر حکمت عملی وضع کی جائے، توانائی کے منصوبوں پر صوبے کے عوام کا پیسہ خرچ ہوا ہے، ان کے فوائد بلاتاخیر عوام کو ملنے چاہئیں۔ محمد اعظم خان کا کہنا تھا کہ ان بجلی گھروں کو فعال کرنے سے صوبے میں توانائی کے بحران کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے کی آمدن بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔ ان کا دوران اجلاس متعلقہ حکام سے کہنا تھا کہ صوبے میں پن بجلی گھروں کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل پر بھی خاص توجہ دی جائے۔ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

مزید پڑھیں:  چینی، گھی، چاول سمیت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو پر لگ گئے