ویب ڈیسک: قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی دوسری بیٹی انشا آفریدی پیا گھر سدھار گئیں۔ قومی کرکٹر شاہین شاہ آفریدی کے ہمراہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی انشا آفریدی نے اپنی رخصتی کے موقع پر روایتی سرخ رنگ کے بھاری کامدار عروسی جوڑے کا انتخاب کیا۔ رخصتی کے موقع پر سابق کپتان و ٹیسٹ کرکٹر شاہد آفریدی نے جذباتی پیغام میں شعریہ انداز میں کہا کہ ‘‘ڈوبا ہوا بھی ہے تیرے بابا کا دل‘‘، شاہد آفریدی کی بیٹی داماد کے ہمراہ خوبصورت اشعار کیساتھ تصویر بھی وائرل ہوئی ہے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی بیٹی انشا آفریدی کی رخصتی کے موقع پر سابق کپتان نے بیٹی داماد کے ہمراہ چند شعروں کے ساتھ تصویر شیئر کی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بیٹی انشا اور داماد شاہین آفریدی کے ہمراہ رخصتی کی تقریب سے لی گئی خوبصورت تصاویر شیئر کرتے ہوئے پوسٹ کی اور ساتھ تحریر کیا کہ
آیا تھا گھر میں نور ابھی کل کی بات ہے
رخصت بھی ہو رہا ہے وہ آنکھوں کے سامنے
ڈوبا ہوا بھی ہے ترے بابا کا دل مگر
امید صبح نو اسے آئی ہے تھامنے
اس تصویر میں شاہد آفریدی انتہائی خوشگوار موڈ میں بیٹی اور داماد کے ساتھ موجود ہیں اور یہ تصویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہے۔ شاہین شاہ آفریدی دلہن لینے بارات لے کر مقامی ہال پہنچے تھے۔
شادی کی تقریب میں کرکٹرز اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، مصباح الحق، سعید انور، تنویر احمد اور سہیل خان بھی تقریب میں موجود تھے جبکہ اس موقع پر کپتان بابر اعظم کی آمد پر شاہین نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔
واضح رہے کہ شاہین آفریدی اور انشا کا رواں برس فروری کے آغاز میں کراچی میں نکاح ہوا تھا۔ ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی اور انشا کا ولیمہ 21 ستمبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔
