ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں کے الزام میں گرفتار ہونے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے اسٹیٹس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔
ویب ڈیسک: ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا ہے کہ سال 2016 میں بھارتی را کے کمانڈر کلبھوشن کو گرفتار کیا گیا، بھارت کا حاضر سروس نیوی کمانڈر کلبھوشن یادیو پاکستان میں انڈین ریاستی دہشتگردی کا نشان ہے، بھارتی کمانڈر نے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کا اعتراف کیاہے، بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے اسٹیٹس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر ڈوزیئر دیا گیا، نیو یارک میں سائیڈ لائنز پر بھارت سے ملاقاتوں کا امکان نہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے نگراں وزیرِاعظم کے دورۂ نیویارک کے حوالے سے کہا کہ نگراں وزیراعظم ایک مختصر وفد ساتھ لے کر گئے ہیں ، انوار الحق کاکڑ اور ایرانی صدر کے درمیان نیویارک میں ملاقات ہوئی، نگران وزیراعظم نے ترقی یافتہ دنیا سے 100 ارب ڈالر کے فنڈ کو فعال کرنے پر بھی زور دیا، وہ آج موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کینیڈا میں بھارت کی طرف سے ایک سکھ کی ٹارگٹ کلنگ افسوسناک ہے، بھارت کی کینیڈا میں ماورائے عدالت قتل، ریاستی دہشتگردی کا معاملہ عالمی سطح پر پہنچ چکا۔
ترجمان نے مسئلہ کشمیر پر بات کرتے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر ترکیے کے صدر اردگان کے بیان کو سراہتے ہیں، ترکیے نے ہمیشہ جموں و کشمیر کے بارے میں پاکستانی مؤقف کی حمایت کی ہے، پاکستان نے ہمیشہ کہا ہے کہ وہ بھارت سے مقبوضہ کشمیر سمیت تمام مسائل پر بات چیت کو تیار ہے۔
ممتاززہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان مسجد اقصیٰ پر اسرائیل کی حالیہ جارحیت کی مذمت کرتا ہے، امریکا کے افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی کی وزیرخارجہ سے گزشتہ رات ملاقات ہوئی، ملاقات میں افغانستان میں امن و امان کی صورت حال اور باہمی تعاون پر بات ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف مذاکرات کو کوئی اور رنگ دینا انتہائی گمراہ کن ہے ، واشنگٹن میں پاکستانی سفیر کانگریس کے ارکان، امریکی حکام سے متواتر ملتے ہیں، یہ ملاقاتیں کسی بھی سفارتکار کے فرائض منصبی میں شامل ہیں،پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین مذاکرات، دونوں کے درمیان ہوتے ہیں، آئی ایم ایف بورڈ میں بہت سے مزید شراکت دار موجود ہیں، غیرملکی ادارے کی خبر بے بنیاد اور من گھڑت ہے ۔
