ویب ڈیسک: سیکرٹری محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا معتصم بااللہ شاہ کی جانب سے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار میٹرک امتحان 2023 میں ناقص نتائج دینے والے سرکاری سکولوں کے خلاف کاروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، جاری ہونے والے سرکلر کے مطابق میٹرک سالانہ امتحان اول 2023 میں صوبہ بھر کے ٹوٹل 92 سکولوں نے زیرو فیصد نتائج دیئے اور ایسے سکولوں کے سربراہان اور متعلقہ اساتذہ کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور ایسے اساتذہ کے خلاف باقاعدہ محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی جس کے لئے ڈائریکٹر اور صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو فہرست ارسال کر دی گئی ہے۔
مزید کہا گیا کہ تمام سٹاف کو شوکاز نوٹس جاری کر کے 2 دنوں میں رپورٹ پیش کی جائے جبکہ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے ذمہ داران کے خلاف کاروائی کے لئے پشاور کیس بھجوایا جائے جن سکولوں کا دسویں میں زیرو فیصد رزلٹ آیا ہے ان کی تعداد 7 اور نویں کے امتحان میں جن کا رزلٹ زیرو فیصد آیا ہے انکی تعداد 85 ہے۔
مزید بتایا گیا کہ جن سکولوں کا رزلٹ 30 فیصد یا اس سے کم آیا ہے ان کے خلاف اہم اجلاس میں فیصلے کیے جائینگے۔ یاد رہے کہ ناقص نتائج دینے والے سرکاری سکولوں کے خلاف کاروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے.
