پشاور، نرے خوڑ سیوریج نظام میں پولیو وائرس کی تصدیق

ویب ڈیسک: پشاورکے نرے خوڑ سیوریج نظام میں پولیو وائرس کی موجودگی کی ایک اورمثبت رپورٹ سامنے آگئی، اس حوالے سے جاری ہونے والی دستاویز میں کہا گیا ہے کہ قومی ادارہ صحت کو نرے خوڑ کے پانی کے نمونے پانچ ستمبر کو ارسال کئے گئے تھے جس میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق کردی گئی۔
قومی ادارہ صحت کی دستاویز کے مطابق پشاور سے بھجوائے گئے گیارہویں نمونے میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، نرے خوڑ کے سیوریج نظام میں ٹائپ ون وائلڈ پولیو وائرس تاحال موجود ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نرے خوڑ سے سیوریج کے پانی کے نمونے اس سے قبل 22 اگست کو لئے گئے تھے جبکہ اس سے قبل یکم مارچ کو بھجوائے گئے پانی کے نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق رواں سال 2023 کے دوران اب تک پولیو کے دو کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن کا تعلق ضلع بنوں سے ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال 2022 میں پولیو کے 19 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں:  ناصر باغ :قیمتی اراضی پر قبضہ کرنے کی کوشش ناکام ‘ملزمان گرفتار