ویب ڈیسک: گندف مہاجر کیمپ ضلع صوابی میں گٹر کے لئے بنائے گئے کنویں میں گیس بھر جانے سے خاتون سمیت 4افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ٹوپی گندف مہاجر کیمپ کے رہائشی افغان مہاجر کمال کے گھر میں گٹر کے لئے کھودے گئے کنویں میں اس کی چودہ سالہ بیٹی کام کرنے کی دوران بے ہوش ہوگئی، اس کو نکالنے کے لئے اس کا والد کنویں نما گٹر میں اترا وہ بھی واپس نہ آ سکا، دونوں کو بچانے یکے بعد دیگرے دو اور پڑوسی نیچے اترے لیکن وہ بھی کنویں میں گیس بھر جانے سے بے ہوش ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے تمام افراد کو کنویں نما گٹر سے نکال کر ٹی ایچ کیو ٹوپی منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں کمال آزان ولد شیر گل عمر 65 سال، امر ضیا ولد شیر گل عمر 14 سال، امین جان ولد زیارت گل عمر 23 سال اور سید گل ولد سید البشر عمر 24 سال شامل ہیں۔ ایمرجنسی ریسکیو ٹیم اور ایمرجنسی میڈیکل ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کنویں میں گرے ہوئے تمام افراد کو پیشہ ورانہ طریقے سے نکال کر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹوپی منتقل کر دیا تھا۔
