لال حویلی سیل، شیخ رشید کو اپیل کا راستہ دکھا دیا گیا

ویب ڈیسک: متروکہ وقف املاک بورڈ نے شیخ رشید کے زیر استعمال لال حویلی کو سیل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق لال حویلی سیل کرنے کے آپریشن کے دوران ایف آئی اے اور پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔ لال حویلی واگزار کرانے کیلئے متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان نے آپریشن مکمل کرتے ہوئے لال حویلی کے مرکزی دروازوں کو سیل کیا، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا دفتر اور لال حویلی کے مرکزی ہال کو جانے والا راستہ بھی مکمل سیل کر دیا گیا۔ آپریشن کے دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے زیر استعمال لال حویلی کی پراپرٹی، سیاسی بیٹھک سمیت 7 یونٹس کو سیل کیا گیا ہے۔ آپریشن مکمل ہونے کے بعد متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام نے لال حویلی کے مرکزی دروازے پر تالا لگا دیا۔
متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان نے بتایا کہ آپریشن میں ایلیٹ فورس، پولیس اور ایف آئی اے نے معاونت کی، لال حویلی کی رجسٹری جعلی نہیں تھی، کارروائی کے بعد منسوخ کی گئی ہے، شیخ رشید اپیل میں جا سکتے ہیں ان کے پاس قانونی راستہ موجود ہے۔

مزید پڑھیں:  خون کےآخری قطرےتک پاک فوج وطن کی حفاظت کریگی،آرمی چیف