ویب ڈیسک: ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ سکینڈل میں ہر گزرتے دن کیساتھ نئی نئی معلومات سامنے آ رہی ہِں، ذرائع کے مطابق ٹیسٹ میں کم از کم 800 امیدواروں کو نقل کی سہولت فراہم کی گئی، عدالت میں ابتدائی رپورٹ جمع کرا دی گئی۔ خیبرپختونخوا کی پولیس نے میڈیکل کالجز میں داخلے کے ٹیسٹ میں نقل سکینڈل میں ملوث گروہ کے اعلیٰ تعلیم یافتہ سرغنہ سمیت نو افراد کو حراست میں لیا ہے جبکہ تفتیشی ٹیم کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس گروہ کی بدولت بظاہر اس امتحان کی ساکھ متاثر ہوئی۔ پولیس کے مطابق یہ گروہ امتحان میں شامل طالب علموں کو بلیو ٹوتھ ڈیوائس کے ذریعے نقل کرانے کے لیے 25 لاکھ روپے سے 35 لاکھ روپے تک رقم وصول کر رہا تھا۔
پولیس نے پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں کی جانے والی کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے افراد سے 44 الیکٹرانک ڈیوائسز، چار عدد مائیکروفون، تین عدد موبائل فون، ایک سمارٹ واچ اور لاکھوں روپے کا ایک بینک چیک بھی برآمد کیا ہے۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں 10 ستمبر کو میڈیکل کالجز میں داخلے کا امتحان صوبے میں قائم 44 امتحانی مراکز میں لیا گیا جس میں تقریباً 46 ہزار طلبا اور طالبات نے حصہ لیا۔
