ویب ڈیسک: سائفر کیس میں سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ سائفر کیس کی اِن کیمرا سماعت اٹک جیل میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی۔ ذرائع کے مطابق سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کا جوڈیشل ریمانڈ آج مکمل ہونے پر اٹک جیل میں سماعت ہوئی، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر، عمیر نیازی، لطیف کھوسہ اور نعیم پنجوتھا اور ایف آئی اے کی ٹیم اٹک جیل میں موجود تھی۔ اس موقع پر اٹک جیل کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
دوران سماعت لطیف کھوسہ نے تصدیق کی کہ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع دے دی ہے۔
سائفر کیس جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈپٹی چیئرمین پی ٹی آئِی شاہ محمود قریشی کو جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کیا گیا، عدالتی عملے نے تمام کارروائی کے بعد شاہ محمود قریشی کو آگاہ کیا کہ اُن کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 10 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔ صحافیوں سے اس موقع پر مختصر گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کو الیکشن نہ لڑنے دیا گیا تو الیکشن بے معنی ہو جائے گا، الیکشن کی اہمیت ختم ہو جائے گی، پی ٹی آئی کے بغیر الیکشن کی اہمیت نہ ہونے کے برابر ہے۔
