عمران خان کی اڈیالہ جیل منتقلی کا تحریری حکم نامہ جاری

ویب ڈیسک: چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے عمران خان کی اڈیالہ جیل منتقلی کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے اٹک جیل منتقلی کے تمام احکامات اور نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیے جاتے ہیں، اُن کو فوری سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی منتقل کیا جائے اور جیل میں بہتر کیٹگری کی سہولیات فراہم کی جائیں۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا سٹیٹس انڈر ٹرائل قیدی کا ہے اور انڈر ٹرائل تمام قیدیوں کو اڈیالہ جیل میں رکھا جاتا ہے، پنجاب حکومت کو انڈر ٹرائل قیدیوں کی دوسری جیل منتقلی کا اختیار نہیں۔ عدالت کی جانب سے واضح کیا گیا کہ صرف سزا سنائے جانے کے بعد حکومتِ پنجاب قیدیوں کو دوسری جیل منتقل کرنے کا اختیار رکھتی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں رکھنے کی کوئی معقول وضاحت پیش نہیں کی گئی۔
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف نے جیل منتقلی کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ اڈیالہ جیل منتقل نہیں ہونا چاہتے، وہ ایڈجسٹ ہوگئے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق وہ اٹک جیل میں ایڈجسٹ ہو گئے ہیں اور اپنے وکلا سے کہیں گے کہ جیل منتقلی کی درخواست واپس لے لیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ قانون کے مطابق اسلام آباد کے انڈر ٹرائل قیدیوں کو اڈیالہ جیل میں رکھا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں:  ناصر باغ :قیمتی اراضی پر قبضہ کرنے کی کوشش ناکام ‘ملزمان گرفتار