ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں بجلی چوری کا نیا ریکارڈ سامنے آ گیا، صوبہ کے 5 اضلاع میں دو سال کے دوران 125 ارب روپے کی بجلی چوری نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ بجلی چوری کے حوالے سے رپورٹ پیش کر دی گئی۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق خیبرپختونخوا کے 5 اضلاع میں دو سال کے دوران 125 ارب روپے کی بجلی چوری ہوئی، ان اضلاع میں دوسال میں مجموعی طور پر 27 لاکھ صارفین نے 650 ارب روپے کی بجلی خرچ کی۔
پشاور میں دوسال کے دوران 60 ارب روپے کی بجلی چوری کی گئی، دوسال میں پشاور میں 4 لاکھ 88 ہزار 639 صارفین کو 200 ارب روپے کی بجلی مہیا کی گئی۔ ریکارڈ کے مطابق مردان میں 359892 صارفین نے دوسال میں 68 ارب روپے کی بجلی استعمال کی ہے، مردان میں پچھلے دوسال میں 22 ارب روپے کی سالانہ بجلی چوری ہوتی رہی ہے۔
سوات میں 349298 صارفین نے دو سال میں 32 ارب روپے کی پجلی خرچ کی جبکہ گزشتہ دو سال میں چارارب کی چوری ہوئی ہے۔
ڈیرہ اسماعیل شہر کو دوسال میں 32 ارب روپے کی 163841 صارفین کو بجلی مہیا کی گئی لیکن اس کے باوجود شہر میں 20 ارب روپے کی بجلی چوری کی گئی۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق بنوں میں دو سال کے دوران 19 ارب روپے کی بجلی چوری کی گئی۔
