آذربائیجان میں دھماکہ سے 20 افراد جاں بحق، 290 زخمی

ویب ڈیسک: آذربائیجان کےعلاقے ناگورنو کاراباخ میں لڑائی کے دوران ایک فیول ڈپو پر دھماکے سے 20 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ جنگ کے دوران علاقے سے آرمینیائی باشندوں کی نقل مکانی جاری ہے۔
دھماکہ کاراباخ کے علاقے خان کندی میں ہوا جہاں 13 لاشیں ملیں جب کہ 7 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ہیں۔ حکام نے کہا کہ 290 افراد کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور درجنوں مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے کے وقت وہاں سیکڑوں افراد جمع تھے۔ اس فیول ڈپو سے ان لوگوں کو ایندھن فراہم کیا جا رہا تھا جو قرہ باغ چھوڑ کر آرمینیا جا رہے ہیں۔ آذربائیجان کی جانب سے خطے کی کئی ماہ سے ناکہ بندی جاری ہے جس کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہو گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں آذربائیجان نے قریبی مقامی ہسپتال تیار کیے اور زخمیوں کے انخلا کے لیے مذاکرات شروع کیے لیکن کاراباخ کے آرمینیائی باشندوں کے نمائندوں نے اس تجویز کو قبول نہیں کیا۔
واضح رہے کہ آذربائیجان کی فوج نے 19 ستمبر کو ناگورنو کاراباخ پر حملہ کیا اور 24 گھنٹے بعد علاقے کا کنٹرول حاصل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں:  واسا اور ٹی ایم اے ایبٹ آباد کی غفلت‘ہری پور ندی دوڑ کا پانی زہر آلو