ویب ڈیسک: ملک بھر میں ولادت آقائے دو جہاں حضرت محمد ﷺ کے جشن کی تیاریاں عروج پر ہیں، شہر رنگ و نور میں ڈوبا ہوا ہے جبکہ ہر سو درود و سلام کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔ محفلیں اور تقاریب کا انعقاد پورے ملک سمیت دنیا بھر میں جاری ہے۔
سرور کائنات آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد آمد ہے جس کی خوشی میں ملک بھر میں عاشقانِ رسول نے گھروں، گلیوں اور چوراہوں کو برقی قمقموں سے سجا رکھا ہے۔
جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں شہر بھر کی مساجد، عمارتوں اور شاہراہوں سمیت سرکاری عمارتوں کو بھی سبز پرچموں اور روشنیوں سے سجایا گیا ہے جس سے پورا شہر رنگ و نور سے منور ہو گیا ہے۔
عاشقان رسول خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے خوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں۔
علمائے کرام کا کہنا ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عقیدت و محبت کا تقاضا ہے کہ آپؐ کی سیرت طیبہ کا محض ذکر ہی نہ کیا جائے بلکہ آپؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوا جا سکتا ہے۔
12 ربیع الاول کے اس پررونق دن کی مناسبت سے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے بھی تمام سرکاری عمارتوں پر چراغاں کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ انتظامی امور خیبرپختونخوا نے تمام انتظامی سیکرٹریز کے نام اس حوالے سے مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ مجاز اتھارٹی نے 12 ربیع الاول پر تمام سرکاری عمارتوں کو روشن اور سجانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
مراسلے میں تمام انتظامی سیکرٹریوں کو اپنے اور ماتحت اداروں کی عمارتیں سجانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ سرکاری عمارتیں سجانے کے بعد تصاویر محکمہ انتظامی امور خیبرپختونخوا کے ساتھ شیئر کی جائیں۔
سرور کونین سرکار دو جہاں سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت با سعادت کی خوشی میں ملک بھر کی طرح حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے بھی 29 ستمبر بروز جمعہ صوبے میں عام تعطیل کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ 12 ربیع الاول کی مناسبت سے ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا۔
