مستونگ روڈ پر زوردار دھماکہ، 47 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

بارہ ربیع الاول کے دن مستونگ میں ہونے والے دھماکہ میں 47 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ۔
ویب ڈیسک: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں مسجد کے قریب خودکش دھماکہ ہوا جس میں ڈی ایس پی مستونگ سمیت47 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ ایس ایچ او مستونگ سٹی جاوید لہڑی کے مطابق دھماکہ الفلاح روڈ پر ہوا، زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مستونگ دھماکے میں 47 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ اس دلخراش واقعہ میں 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے جن میں کئی کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، جاں بحق افراد میں ڈی ایس پی مستونگ بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر مستونگ نے بھی دھماکے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مستونگ میں ہونے والا دھماکہ مدینہ مسجد کے قریب ہوا، لوگوں نے اس مسجد میں جمع ہو کر جلوس میں شرکت کرنی تھی۔ مستونگ میں دھماکہ بڑی نوعیت کا لگتا ہے تاہم اس حوالے سے معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں الفلاح روڈ پر ہونے والے دھماکے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ناکہ بندی کر کے امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
ایس ایچ او سٹی جاوید لہڑی نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دھماکہ الفلاح روڈ پر بازار میں ہوا، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
وزیر اطلاعات بلوچستان کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیموں کو مستونگ روانہ کردیا گیا ہے، شدید زخمیوں کوکوئٹہ منتقل کیاجا رہا ہے اور کوئٹہ کے ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
نگران صوبائی وزیر اطلاعات نے شہریوں سے مستونگ دھماکے کے زخمیوں کے لیے خون عطیہ کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔
حکام کے مطابق دھماکے کے بعد مستونگ کے علاوہ کوئٹہ کے سول ہسپتال میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، تمام ڈاکٹرز ، فارماسسٹ ، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف ایمرجنسی ڈیوٹی پر طلب کرلیے گئے ہیں۔
نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان نے مستونگ میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تخریب کار عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ہمیں اپنی صفوں میں دہشتگردی کے خلاف مکمل اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔

مزید پڑھیں:  نوشہرہ : دریائے کابل سے لاوارث لاش برآمد