ویب ڈیسک: ضلع ہنگو کے تھانہ دوآبہ کی مسجد میں دھماکہ ہوا جس میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے، دھماکہ کے حوالے سے ایس ایچ او شاہراز خان نے بتایا کہ تھانہ دوآبہ کے اندر مسجد میں جمعہ کے آخری خطبہ کے دوران دھماکہ ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مسجد کے اندر 30 سے 40 تک کے نمازی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق دھماکہ میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ریسکیو ذرائع نے 2 افراد کے جاں بحق ہونے جبکہ 6 زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے سی ایم ایچ منتقل کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔
ریسکیو 1122 کی 6 ایمبولینسز اور 1 ریسکیو ویکل آپریشنل سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں، کوہاٹ کی 2 ایمبولینسز بھی راستے میں ہیں جو جائے حادثہ روانہ کی گئیں ہیں۔
ہنگو کے علاقہ دوآبہ کی مسجد میں دھماکہ کے بارے میں نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر اعلی کی جانب سے ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر امدادی کارروائیوں کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ متعلقہ ڈویژنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو امدادی کاموں کی خود نگرانی کرنے کا کہا گیا ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے دھماکے کے بعد ضلع ہنگو کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت سمیت زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
