ویب ڈیسک: کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے ہنگو کا دورہ کیا اور دھماکے کی جگہ کا معائںہ کیا۔ ذرائع کے مطابق کور کمانڈر پشاور نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں اپنے شہیدوں پر فخر ہے، پولیس جوانوں نے جواں مردی دکھاتے ہوئے علاقے کو بڑے حادثے سے بچا لیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا یہ واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے، یہ لوگ مسلمان تو کیا انسان کہلانے کے لائق بھی نہیں ہیں۔
دورہ ہنگو کے دوران کور کمانڈر پشاور نے آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں سے ملاقات کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو کوئک رسپانس پر انہیں شاباش دی۔
دھماکہ میں زخمیوں کی عیادت کرنے کیلئِے کور کمانڈر پشاور نے سی ایم ایچ ٹل کا بھی دورہ کیا۔ کور کمانڈر نے دھماکے کے زخمیوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ کور کمانڈر نے کہا کہ دہشتگردوں کو اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے زخمیوں کے علاج کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے.
