ویب ڈیسک: نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نےکہا ہےکہ اسرائیل اور فلسطین سے متعلق پاکستان کی جو پوزیشن کل تھی وہی آج بھی ہے اور وہی مستقبل میں ہوگی، ہم کسی کی تقلید نہیں کرتے ہمارے فیصلے صرف اور صرف قومی مفاد میں ہوں گے۔ نگران وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا موقف ہےکہ فلسطین کا مسئلہ وہاں کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے، فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، پاکستان اسرائیل سے متعلق کسی کی تقلید نہیں بلکہ اپنے مفادات کا تحفظ کرےگا،کشمیر اور فلسطین سے متعلق خارجہ پالیسی میں تبدیلی نہیں آئی۔
نگران وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ دورہ نیویارک کے دوران مسئلہ کشمیر پر اپنا مؤقف پیش کیا، کشمیرکے حق خودارادیت پر واضح انداز میں دنیا کو بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحد پار سے ہونے والے حملے روکنا افغان عبوری حکومت کی ذمہ داری ہے، پاکستان، چین اور افغانستان کی سہہ فریقی ملاقات میں بھی افغانستان نے یہ عہدکیا تھا۔
