ویب ڈیسک: فلسطینی شہر غزہ میں خدمات سرانجام دینے والی امریکی نرس ایملی کالہان ایک بار پھر غزہ جانے کو تیار ہو گئی ہیں۔ ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کی نرس ایکٹیویٹی کی منیجر ایملی کالہان نے اس حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ جب موقع ملا تو سوچے سمجھے بغیر غزہ واپس چلی جاؤں گی۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کے ڈاکٹر اصل ہیروز ہیں جو ان حالات میں بھی اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ میرا دل بھی غزہ میں ہے اور غزہ میں ہی رہے گا۔
ایملی کالہان نے کہا کہ میں گھر میں اپنے خاندان کے ساتھ موجود ہوں اور گزشہ 26 دنوں میں پہلی بار خود کو محفوظ محسوس کر رہی ہوں لیکن خود کو محفوظ کرنے کے چکر میں غزہ کے لوگوں کو مشکل حالات میں چھوڑ آئی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کے ہسپتالوں میں یہ صورتحال تھی کہ لوگوں کا علاج کرنے کے بعد انہیں فوراً ہی ڈسچارج کر دیا جاتا تھا کیونکہ وہاں جگہ ہی نہیں ہوتی تھی۔ فلسطین کے طبی اہلکاروں نے غیر ملکی ڈاکٹرز اور نرسوں کی زندگیاں بچانے کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں اور اگر وہ نہ ہوتے تو ہم ایک ہفتے بھی زندہ نہیں رہ سکتے تھے۔
