جنگ جتنی لمبی ہوگی اسرائیل کو اتنا ہی نقصان ہوگا، اسامہ حمدان

ویب ڈیسک: حماس کے رہنماء اور ترجمان اسامہ حمدان کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، اسے ایک ایک میٹر فاصلہ طے کرنےکی بھاری قیمت چکانی پڑ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی ریت میں اسرائیل کے پاؤں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دھنستے جائیں گے۔
حماس ترجمان اسامہ حمدان کا کہنا تھا کہ غزہ کے بپٹسٹ ہسپتال کے جرم پر جوابدہ ٹھہرانے میں ناکامی پر اسرائیل کو مزید ہسپتالوں میں قتل عام کی شہہ ملی۔ یاد رہے کہ اقوام متحدہ نے غزہ میں اپنے سکول پر اسرائیلی بمباری میں کئی فلسطینیوں کی شہادت کا اعتراف کیا ہے۔
اسامہ حمدان کا کہنا تھا کہ ریاض سربراہی اجلاس میں فلسطینیوں کی نسل کشی رکوانےکے لیے مؤثر فیصلوں کا فقدان تھا تاہم غزہ کا محاصرہ ختم کرانےکے فیصلےکا خیرمقدم کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں کو نشانہ بنانے پر اسرائیل کو القسام بریگیڈ کے ہاتھوں جواب ملےگا، اسرائیلی فوج کا ناقابل تسخیر ہونےکا تصور 7 اکتوبر کی کارروائی کے بعد تباہ ہوچکا ہے۔
حماس ترجمان کا کہنا تھا کہ لاکھوں فلسطینی اب بھی غزہ میں موجود ہیں جو ثابت قدم ہیں، قابض اسرائیلی فوج کو ایک ایک میٹر فاصلہ طے کرنے کی بھاری قیمت چکانی پڑتی ہے، جنگ جتنی لمبی ہوگی، غزہ کی ریت میں اسرائیل کے پاؤں اتنے ہی زیادہ دھنس جائیں گے۔

مزید پڑھیں:  ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی :صدارتی ریفرنس سماعت کیلئے مقرر