ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نون لیگ کسی کے سہارے کے بغیر اپنے بل پر سیاست کرے۔ انہوں نے عوام اور حکام کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے تھرمیں کام کر کے دکھایا، ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید کے وعدے نبھا رہے ہیں، تھرکول منصوبہ ہماری کارکردگی کا بین ثبوت ہے۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ غربت اور بڑھتی بےروزگاری سے پیدا ہونے والے مسائل سے انکار نہیں کیا جا سکتا تاہم تھر میں بچوں کی شرح اموات میں کمی آئی ہے، یہ اعداد و شمار عالمی اداروں کی جانب سے شیئر کئے گئِے ہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں ایسے اقدامات ناگزیر ہیں جیسے تھر میں کئے گئے، روٹی، کپڑا اور مکان کا وعدہ ہم نے پورا کرنا ہے، آئندہ حکومت بنی تو ترقی کے سفر کوجاری رکھیں گے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارا مختلف معاملات پر وفاق سے جھگڑا رہا لیکن بحیثیت مجموعی نگران حکومت کو گزشتہ حکومت کی پالیسی جاری رکھنا ہوگی اور کسی بھی جاری منصوبے میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آج بھی ایک قسم کی فیلڈ سجائی جارہی ہے، پیپلز پارٹی ہر پچ پر کھیلنے کیلئے تیار ہے، امید ہے کہ ہم ہی جیتیں گے۔
