ویب ڈیسک: غزہ میں آگ اور خون کا کھیل جاری، اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد ساڑھے 11ہزار سے متجاوز ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری وحشیانہ بمباری سے غزہ میں ہر سو تباہی پھیل گئی، عمارتیں تباہ، ہسپتال اور سکول بھی نہ بچ سکے۔
صیہونیوں کی کارروائیوں کی بدولت مجموعی طور پر بچوں اور خواتین سمیت فلسطینی شہداء کی تعداد 11 ہزار 600 ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے، 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی فورسز کی وحشیانہ بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار 600 ہوگئی۔ ان میں 4 ہزار سے زائد بچےبھی شامل ہیں.
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی جارحیت سے مجموعی طور پر ساڑھے 4 ہزار سے زائد بچے اور 3 ہزار سے زائد خواتین شہید ہو چکی ہیں، طبی عملے کے 189 افراد بھی اسرائیلی بمباری کا نشانہ بن چکے ہیں جبکہ 30 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق 3 ہزار 117 طلباء بھی جام شہادت نوش کر گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی بمباری سے 41 ہزار 120 رہائشی املاک، 94 سرکاری عمارتیں اور 253 سکول تباہ ہوئے جبکہ 71 مساجد بھی شہید ہوئیں۔
