میٹرک اور انٹر کے امتحانات میں نیا گریڈنگ سسٹم متعارف

ویب ڈیسک: انٹر بورڈز کوآرڈی نیشن کمیشن نے ملک بھر میں گریڈ سسٹم متعارف کرادیا جس کے تحت سندھ میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلباء کو نمبرز بجائے گریڈ دیا جائے گا۔ اس حوالے سے چیئرمین انٹر بورڈز کوآرڈی نیشن کمیشن غلام علی ملاح کا کہنا تھا کہ 2024ء میں پہلے مرحلے کے دوران نویں اور گیارہویں جماعت کےطلبا کو نمبرز کے بجائےگریڈ دیا جائےگا جبکہ مارک شیٹ یا رزلٹ کارڈ میں فیل کا لفظ بھی شامل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں گریڈ سسٹم موجود ہے، بچوں کو نمبرز کی دوڑ سے نکال کرانہیں اچھی تعلیم دینی ہے، نمبرز سسٹم کے متبادل گریڈنگ سسٹم طلبا کے لیے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوگا۔
چیئرمین انٹر بورڈز کوآرڈی نیشن کمیشن کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے تحت نیا 10 پوائنٹ گریڈنگ سسٹم ہوگا جس کو طلبا کی کارکردگی جانچنے کے لئے پانچ رینک میں تقسیم کیا گیا ہے جوکہ 2025ء میں دوسرے مرحلے میں دسویں اور بارہویں جماعت میں بھی نافذ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پاسنگ مارکس 33 سے بڑھا کر 40 کر رہے ہیں تا کہ تعلیمی معیار بہتر ہو اور مرحلہ وار اس میں مزید اضافہ کریں گے جب کہ کوشش ہے پاسنگ مارکس کو 50 فیصد تک بھی لے جائیں۔

مزید پڑھیں:  9 مئی کو قائداعظم کی حرمت خاکستر کی گئی‘ احسن اقبال