بلوچستان کی ترقی ہمیشہ سے عزیز رہی ہے، نوازشریف

ویب ڈیسک: مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی ہمیں ہمیشہ سے عزیز رہی ہے، سب کو ساتھ لے کر چلنے کی روایت برقرار رکھیں گے۔
بلوچستان میں سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں ہزاروں کلومیٹر سڑکوں کا جال بچھایا تاکہ غربت اور پسماندگی کا خاتمہ ہوسکے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ گوادر سے کوئٹہ ساڑھے 600 کلومیٹر کی سڑک تعمیر کرکے بلوچستان کے عوام کو سفر کی بہترین سہولیات فراہم کیں، گوادر کوئٹہ سڑک کی تعمیر سے دو دن کا سفرکم ہوکر 8 گھنٹے رہ گیا، اس سڑک کی تعمیر کے دوران 40 سے زائد نوجوان شہید ہوئے تھے، انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ گوادر سے خضدار اور رتو ڈیرو شاہراہ تعمیر کرکے جنوبی بلوچستان کے علاقوں کو سندھ سے جوڑا گیا، ان دونوں سڑکوں کی بنیاد ہم نے 1998-1999 میں رکھی تھی، ہکلہ اور ڈی آئی خان روڈ کی بنیاد ہم نے رکھی تھی، اس منصوبے پر 4 سال کام رکا رہا۔

مزید پڑھیں:  خوازہ خیلہ: موٹر کار اورفلائنگ کوچ میں ٹکر‘ ایک شخص جاں بحق‘5زخمی