8فروری کوہمارانعرہ،منشوراورتیر کامیاب ہوگا، بلاول بھٹو زرداری

ویب ڈیسک: چیئرمین پیپلز پارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ضلع مردان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی، بیروزگاری کا حل پیپلز پارٹی کو آئندہ الیکشن میں جتوانا ہے، پرانی سیاست کرنے والے الیکٹیبلز کی تلاش میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں عوام کی خدمت کی، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو ووٹ کی طاقت دلوائی، روٹی ،کپڑے اور عوام کا نعرہ لگایا . ان کے بعد شہید بینظیر بھٹو نے پیپلز پارٹی کا پرچم تھاما اور اپنے 30 سالہ سیاسی جدوجہد کے دوران 2 آمروں سے ٹکرائیں۔ انہوں نے عوام کی خاطر شہادت قبول کی لیکن پیچھے نہیں ہٹیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا کو شناخت دی، انہوں نے این ایف سی ایوارڈ دلوا کر خیبر پختونخوا کے عوام کو اپنے وسائل کا مالک بنایا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا دشمن وہی پرانی سیاست ہے، 70 سال سے ایک روایتی سیاست چلتی آرہی ہے، اب ہمیں نئی سیاست کا آغاز کرنا پڑے گا۔ سب کو نظر آرہا ہے، آئندہ الیکشن پاکستان پیپلز پارٹی نے جیتنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ پیپلز پارٹی کا مقابلہ پیپلز پارٹی سے ہو رہا ہے، اگر ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچتے رہیں گے تو یہ ناانصافی ہوگی، ہم ایک نئی سیاست متعارف کرانا چاہتے ہیں، نفرت،گالم گلوچ اور تقسیم کی سیاست کو پیچھے چھوڑ کر نئی روایت قائم کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوام پر بھروسہ کیا، باقی سیاستدان بھی عوام پر بھروسہ کریں، اگر پھر سے الیکشن کی جگہ سلیکشن ہوئی تو نقصان عوام اٹھائیں گے۔
مردان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو ہمارا نعرہ، منشور اور تیر کامیاب ہوگا، وفاق کو ہم چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کل پشاور میں کنونشن ہو گا، پھر دیر اور چترال کی جانب سفر ہو گا۔

مزید پڑھیں:  غزہ کھنڈربن چکا،کوئی جائے پناہ نہیں رہی، اقوام متحدہ