ویب ڈیسک: نگران وزیر کھیل پنجاب اور سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض کو حکومتی معاملات کے ساتھ ساتھ چیف سلیکٹر پی سی بی کی ذمہ داریاں بھی سپرد کر دی گئیں۔ نئی ذمہ داریاں ملنے کے بعد وہاب ریاض کا پہلا اسائنمنٹ 14 دسمبر سے 7 جنوری تک دورہ آسٹریلیا ہے۔
دورہ کے دوران 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز اور نیوزی لینڈ میں 12 سے 21 جنوری تک ہونے والی 5 میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کھیلی جائِگی اس کیلئے تیم کا انتخاب وہاب ریاض کی ذہانت کا امتحان ہے۔
یاد رہے کہ نگران وزیر کھیل پنجاب اور سابق پیسر نے 2008 میں انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا اور 27 ٹیسٹ،91 ون ڈے اور36ٹی ٹونٹی میچز میں مجموعی طور پر237 وکٹیں حاصل کیں اور 1200 رنز جوڑے۔ اس دوران انہوں نے 3 ورلڈ کپ میں بھی قومی ٹیم کی نمائندگی کی اور اس دوران انہوں نے 35 وکٹوں کے ساتھ پاکستان کے دوسرے سب سے کامیاب بولر ہونے کا اعزاز پایا۔
وہاب ریاض کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ چیف سلیکٹر بننا اعزاز ہے۔ اس ذمہ داری پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کرونگا۔
پی سی بی کے مطابق وہاب ریاض کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک چیلنج ہے ، آسٹریلیا کا دورہ انتہائی اہمیت کاحامل ہے جہاں پاکستان کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے دورے سے ہمیں آئندہ سال جون میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ایک متوازن ٹیم تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔
