ویب ڈیسک: کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے غزہ کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ معصوم اور نہتے لوگ جانیں کھو رہے ہیں، ان کا قتل عام بند کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال کی صورتحال دیکھ کر بہت افسوس ہوتا ہے، غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے۔
جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ جنگ کے بھی کچھ اصول ہوتے ہیں، اسرائیلی حکومت زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرے، سکولوں، عبادت گاہوں، پناہ گزین کیمپوں اور رہائشی عمارتوں پر بمباری بند ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انصاف کی قیمت فلسطینیوں کے مسلسل مصائب نہیں ہوسکتی، تمام انسانی جانیں برابر کی اہمیت رکھتی ہیں، غزہ میں جاری جارحیت بہت بڑا انسانی المیہ ہے۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ اسرائیلی افواج کے ہاتھوں فلسطینیوں کا قتل عام فوری طور پر بند ہونا چاہئے۔
