ویب ڈیسک: آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء میں بھارتی امیدوں پر پانی پھر گیا، کینگروز چھٹی بار چمپئن بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے فائنل میں میزبان بھارتی ٹیم کو 6 وکٹوں سے ہرا کر چھٹی بار عالمی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلوی بلے باز ٹریوس ہیڈ اور مارنس لبوشین نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے بھارت کو کامیابی سے دور کردیا۔
بھارتی شہر احمد آباد میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔
آسٹریلیا کے خلاف بھارت کا آغاز جارحانہ رہا، اوپنر شبمن گل تو 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے لیکن کپتان روہت شرما نے پورے ٹورنامنٹ کی طرح فائنل میں بھی دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 47 رنز بنائے۔
کینگروز نے اپنی نپی تلی بولنگ کی بدولت بھارتی ٹیم کو 240 رنز تک محدود رکھا۔ کے ایل راہول 66 اور ویرات کوہلی 54 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
جواب میں کینگروز نے میزبان بھارت کی جانب سے دیا گیا ہدف ٹریوس ہیڈ اور لبوشین کی بہترین بیٹنگ کی بدولت 43 اوورز میں چار وکٹوں پر پورا کر لیا جس کے ساتھ ہی کینگروز چھٹی بار چمپئن بن گئے۔
آسٹریلیا کی جوابی اننگز کا آغاز بھی مایوس کن تھا ، صرف 47 کے مجموعی سکور پر 3 آسٹریلوی بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے، اوپنر ڈیوڈ وارنر 7، مچل مارش 15 اور سٹیو سمتھ 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
لبوشین اور ٹریوس ہیڈ کے درمیان 192 رنز کی میچ وننگ شراکت داری قائم ہوئی جس نے بھارت کے ورلڈ کپ جیتنے کے خواب کو چکنا چور کر دیا۔
ہدف کے تعاقب میں ہیڈ نے مشکل وقت میں سنچری اور لبوشین نے ففٹی کر کے اپنی ٹیم کو چھٹی بار ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کر دار ادا کیا۔ یاد رہے کہ ٹریوس ہیڈ نے 137 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ لبوشین 58 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے چھٹی بار آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔ اس سے قبل 1987ء، 1999ء، 2003ء، 2007ء، 2015ء اوراب 2023ء میں ورلڈ کپ ٹرافی قبضہ کر چکے ہیں۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ کے لیے آئی سی سی نے ایک کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کر رکھا ہے۔ فائنل جیتنے والی ٹیم کے لیے 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم جبکہ رنر اپ کو 20 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔
