ویب ڈیسک: حماس اور اسرائِیلی افواج کے مابین جاری زمینی جنگ میں مزید شدت آ گئی، حماس کے ہاتھوں مجموعی طور پر 62 صیہونی ہلاک ہو گئے۔
اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں مزاحمتی تنظیموں کے جنگجوؤں سے لڑائی میں مزید 2 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے غزہ میں زمینی آپریشن کے دوران حماس کے جنگجوؤں کے ہاتھوں مارے جانے والے مزید 2 فوجیوں کے نام جاری کیے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق اتوار کو غزہ میں زمینی آپریشن میں فرسٹ لیفٹیننٹ سمیت 2 اہلکار مارے گئے جس کے بعد دو دنوں میں ہلاکتوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے جن کی سرکاری طور پر تصدیق کی گئی۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے حماس اور اسرائیلی افواج کے مابین جنگ میِں 383 صیہونی ہلاک ہو گئے جبکہ 27 اکتوبر سے غزہ میں زمینی آپریشن شروع کرنے کے بعد سے 62 صیہونی ہلاک ہو گئے ہیں۔
