ویب ڈیسک: ایچ ای سی آل پاکستان انٹر یونیورسٹی اقبال ٹرافی سکواش چمپئن شپ اقراء یونیورسٹی نے جیت لی۔ فائنل پشاور کے قمر زمان سکواش کمپلیکس میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر سکواش لیجنڈ قمرزمان مہمان خصوصی تھے۔
فیصلہ کن مقابلہ میں اقراء یونیورسٹی نے قائداعظم یونیورسٹی کے خلاف دو صفر سے کامیابی اپنے نام کی۔ اقراء یونیورسٹی کی ام کلثوم اور قائداعظم یونیورسٹی کی حرم صفدر نے بہترین کھیل پیش کیا تاہم ام کلثوم نے 1-11‘ 4-11 اور 2-11 سے کامیابی اپنے نام کی۔
دوسرے میچ میں اقراء یونیورسٹی کی زہرا عبداللہ نے قائداعظم یونیورسٹی نمرہ عقیل کے ساتھ بہترین پرفارمنس دی لیکن زہرا عبداللہ نے 2-3 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کرلی۔
تیسری پوزیشن کے لئے ہونیوالے میچ میں عبدالولی خان یونیورسٹی مردان نے ایل سی ڈبلیو کے خلاف 0-2 سے کامیابی حاصل کی۔
آخر میں مہمان خصوصی سکواش لیجنڈ قمرزمان نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کئے۔ انہوں نے ایچ ای سی اور شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کے باعث یہ مقابلے ممکن ہوئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام یونیورسٹیوں میں سکواش کورٹس تعمیر کئے جائیں۔
