ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا دوبارہ انعقاد 26 نومبر کو ہوگا، تیاریاں مکمل

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے داخلوں کیلئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے دوبارہ انعقاد کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ اس حوالے سے وی سی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق کا کہنا تھا کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا دوبارہ انعقاد 26 نومبر کو سات ڈویژنل اضلاع کے 11 شہروں میں ہوگا۔ ان کالجوں میں داخلے کے خواہشمند 40 ہزار 220 طلباء و طالبات اس ٹیسٹ میں شرکت کرینگے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیسٹ میں نقل کو خارج ازمکان قراردینے کیلئے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، سات ڈویژنز میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو اس حوالے سے ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
وی سی کا کہنا تھا کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دن دس بجے شروع ہوگا اور ڈیڑھ بجے ختم ہوگا جبکہ ٹیسٹ کیلئے طلباء و طالبات صبح سات بجے ہال میں داخل ہونگے۔ یاد رہے کہ سٹوڈنٹس بائیو میٹرک حاضری لگانے کے بعد ہی ہال میں داخل ہونگے۔ اس دوران طلباء و طالبات اپنے ایڈمٹ کارڈ کے علاوہ کچھ بھی ساتھ نہ لائیں۔
وی سی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق کا کہنا تھا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر شناختی کارڈ نمبر کے اندراج سے ایڈمٹ کارڈ حاصل کیا جاسکتا ہے، ہال میں بال پوائنٹ اور پیپر بورڈ انتظامیہ کی جانب سے مہیا کیا جائیگا : سٹوڈنٹس کیلئے پانی کیساتھ ساتھ جوس کا بھی انتظام کیا گیا ہے جبکہ والدین کیلئے انتظار گاہ، ٹیسٹ کے دن ٹریفک پلان و دیگر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق کے مطابق خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کو پیپر بنانے، پیپر مہیا کرنے اور نتائج رات کو ہی فراہم کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے، پچھلے ٹیسٹ میں پکڑے جانے والے 219 طلباء و طالبات کو کورٹ نے اس ٹیسٹ کیلئے نااہل قرار دیا ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور' سڑکوں پر سپیڈ بریکر اور ناقص کیٹ آئیز کی بھر مار